ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی: لداخ کے حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے سونم وانگچوک دوبارہ حراست میں

دہلی: لداخ کے حقوق کے لیے بھوک ہڑتال کرنے والے سونم وانگچوک دوبارہ حراست میں

Mon, 14 Oct 2024 10:25:22    S.O. News Service

نئی دہلی، 14/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتوار کو دہلی پولیس نے لداخ بھون کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھے موسمیاتی کارکن سونم وانگچوک اور تقریباً 20 دیگر مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وانگچوک سمیت 20 سے 25 افراد کو حراست میں لے کر مندر مارگ تھانے منتقل کیا گیا۔ موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ دوسری جانب کچھ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ پُرامن طور پر احتجاج کر رہے تھے اور کسی قسم کی ہنگامہ آرائی نہیں کر رہے تھے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ مظاہرین کو لداخ بھون کے بایر بیٹھنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے جنتر منتر کے لئے عرضی دی ہے۔ ان کی عرضی پر غور کیا جا رہا ہے۔ افسر نے کہا کہ انہیں جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔

وانگچوک لداخ کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبہ کو لیکر اپنے حامیوں کے ساتھ لیہ سے پیدل چل کر دہلی آئے ہیں۔ انہیں دہلی پولیس نے 30 ستمبر کو راجدھانی کے سندھو بارڈر پر حراست میں لے لیا تھا اور 2 اکتوبر کی رات کو رہا کیا تھا۔ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت بڑے لیڈران سے ملاقات کی مانگ کر رہے ہیں۔

آئین کے چھٹے شیڈول میں شمال مشرقی صوبوں آسام، میگھالیہ، تریپورہ اور میزورم کے قبائلی علاقوں کے انتظام کے لئے خصوصی دفعات ہیں۔ ان کے مطابق خود مختار کونسلیں قائم کی جاتی ہے، جن کے پاس ان علاقوں پر آزادانہ طور پر حکومت کرنے کے لئے قانون سازی، عدالتی، انتظامی اور مالی اختیارات ہیں۔ مظاہرین لداخ کو صوبہ کا درجہ دینے، اس کے لئے پبلک سروس کمیشن، لیہ اور کارگل اضلاع کے لئے الگ لوک سبھا سیٹوں کی بھی مانگ کر رہے ہیں۔


Share: